چترال پولیس نے متنازعہ سوشل میڈیا میج کے خلاف مقدمہ درج کر دیا
صابر سلیم آفیشل نامی فیس بک پیچ پر انتہائی متنازعہ اور اشتعال انگیز پوسٹ شائع کیا گیا تھا، جو کہ قابل مذمت فعل ہے

چترال(بشیرحسین آزاد )سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر توہین آمیز اور دلخراش مواد کی اشاعت کے معاملے پر سٹی پولیس اسٹیشن چترال میں "صابر سلیم آفیشل” نامی پیج کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں "Sabir Saleem Official” کے نام سے چلنے والے سوشل میڈیا پیج سے ایسا مواد پوسٹ کیا گیا جس سے مسلمانانِ عالم اور عاشقانِ رسول ﷺ کی دل آزاری ہوئی۔
واقعے کی حساسیت کے پیش نظر ضلعی پولیس اور انتظامیہ نے فوری نوٹس لیا۔
اس سلسلے میں اسماعیلی ریجنل کونسل چترال کے پبلک سیفٹی اینڈ سکیورٹی آفیسر کی جانب سے کمیونٹی کے نمائندے انور بیگ نے تھانہ سٹی چترال میں مذکورہ پیج کے خلاف باقاعدہ کمپلینٹ درج کرائی۔
شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسماعیلی کمیونٹی بحیثیت مسلمان ختمِ نبوت پر کامل ایمان رکھتی ہے اور حضور اکرم ﷺ کی ذات اقدس کے ساتھ ان کی عقیدت غیر متزلزل ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مذکورہ شخص کے متنازعہ مواد سے نہ صرف اسماعیلی کمیونٹی بلکہ دیگر مسلمانوں کو بھی شدید اذیت پہنچی ہے اور اس شخص کا اسماعیلی کمیونٹی سے کوئی تعلق نہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو بھی اس معاملے پر قانونی کارروائی کے لیے باقاعدہ خط ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ ذمہ داران کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی اشتعال انگیز یا توہین آمیز مواد کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز کریں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایسے مواد کی تشہیر کرنے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔