ضلعی انتظامیہ لوئر چترال کا تجاوزات کے خلاف ایکشن، گرم چشمہ پولو گراؤنڈ و دیگر مقامات سے تجاوزات کا خاتمہ

چترال(چ،پ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی ہدایات کی روشنی میں گرم چشمہ پولو گراؤنڈ میں تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ اراضی کو مکمل طور پر واگزار کرا لیا گیا۔
کارروائی کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) عبدالسلام اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد ضیاء نے کی، جبکہ ڈی ایس پی لوٹکوہ، ایس ایچ او گرم چشمہ، پولیس اور لیویز اہلکار بھی موقع پر موجود رہے۔ انتظامیہ کے مطابق تمام اقدامات قانون اور ضابطے کے مطابق انجام دیے گئے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متنازعہ اراضی کی صورتحال واضح ہونے کے بعد مذکورہ زمین کو دوبارہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے اور اسے پولو گراؤنڈ کا حصہ بحال کر دیا گیا ہے۔
کارروائی کے بعد پولو گراؤنڈ کو دوبارہ عوامی استعمال کیلئے کھول دیا گیا، جس پر مقامی عوام نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے علاقے میں کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔