دروش کا سپوت وطن پر قربان، پاک فوج کا جوان گل رحمن بلوچستان میں شہید، سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا گیا

دروش(چ،پ) گرومیل دروش سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے بہادر جوان گل رحمن نے وطن کے دفاع کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے جوان گل رحمن مد گزشتہ دنوں بلوچستان کے علاقے پسنی میں دوران ڈیوٹی آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہوگئے تھے۔ شہادت کی خبر علاقے میں پہنچتے ہی فضا سوگوار ہوگئی جبکہ ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔
اتوار کے روز شہید کی نماز جنازہ کرنل مراد اسٹیڈیم دروش میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران، سول انتظامیہ اور پولیس افسران، عمائدین علاقہ اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
بعد ازاں شہید گل رحمٰن کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔