بوڑیوغ کے عمائدین کا غیر سرکاری ادارے اکاہ کے ذمہ داران پر اقرباء پروری کا الزام، تحقیقات کا مطالبہ

چترال(چ،پ) چترال گرم چشمہ روڈ پر واقع گاوں بوڑیوغ کے عمائدین نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آغا خان ایجنسی فار ہبیٹاٹ (اکاہ) کے آر پی ایم پر اقربا پروری اور مبینہ بے ضابطگیوں کے سنگین الزامات لگاتے ہوئے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے گاؤں کو قدرتی آفات سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
منگل کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بوڑیوغ کے عمائدین بخش علی، میر حسین، شیر وزیر، حیات خان، رحمت علی، مفتاح الدین ودیگر نے کہا کہ آکاہ کے ارپی ایم نے اقرابا پروری کرتے ہوئے ہمارا پروجیکٹ من پسند افراد کو دیدیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ 2023 میں اکاہ کی جانب سے بوڑیوغ لوئیر چترال میں ایک آگاہی سیشن رکھا گیا اور گاؤں کو درپیش انتہائی اہم مسئلہ پروٹیکشن وال تعمیر کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی، جبکہ بعد میں جیالوجیکل ٹیم بھی اکر اس منصوبے کو انتہائی اہم قرار دیدیا تھا جہاں ہر دوسال بعد سیلاب آتا ہے اور اسی نالہ میں سیلاب سے تین سو گھرانوں کا بجلی گھر بھی خطرے میں پڑتا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ہم اس منصوبے کے حوالے سے بار بار اکاہ کے آفس کا وفد کی شکل میں دورہ کیا ہر بار آرپی ایم ہمیں یقین دہانی کراتے رہے کہ ہمارا منصوبہ جلد شروع کیا جائیگا۔
عمائدین نے مذید بتایا کہ 2025میں اسی مقام پر سیلاب آ کر دو گاڑیوں کو بھی بہا کر لے گیا، اور دریائے گرم چشمہ کا رخ ہماری گاوں کی طرف کردیا ہے، ایک بار پھر آر پی ایم کے پاس وفد کی شکل میں آئے تو دسمبر 2025 میں ہمیں خوشخبری دی گئی کہ پروٹیکشن وال کا منصوبہ منظور ہوگیا ہے آپ لوکل میٹریل کے بارے میں ہمیں معلومات فراہم کریں، جو ہم نے فراہم کردی۔
مگر فروری 2026میں جب ایک بار پھر وفد کی شکل میں اکاہ آفس سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ ہمارا منصوبہ اپر چترال منتقل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دریا کے کنارے حفاظتی پشتے کی تعمیر کا ورکنگ سیزن بھی ختم ہورہاہے کیونکہ مئی کے بعد دریا میں بہاؤ کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگا۔ عمائدین نے یہ الزام بھی لگایا کہ اقرباپروری کا یہ عالم کہ آرپی ایم نے بلچ کے ایک سرکاری سکول میں منصوبہ رکھا ہے جہاں انکی مسز ہیڈ مسٹریس ہیں جو کہ اختیارات کے غلط استعمال کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے اکاہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ادارے کے اندر اقربا پروری کا نوٹس لیکرمن پسند کو نوازنے کا سلسلہ بند کرانے کے ساتھ ہمارے پروجیکٹ کو منسوخ کرنے کے حوالے سے انکوائری کی جائے۔
گاؤں کے عمائدین نے واضح کیا کہ وہ اکاہ ادارے کو عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کی شکایت آر پی ایم و دیگر ملوث اہلکاروں کے خلاف ہے۔