احساس شجر کاری مہم، ڈی ایچ او آفس اپر چترال میں پودہ لگا کر مہم کا افتتاح کر دیا گیا

بونی(چ،پ) اپر چترال میں صوبائی حکومت کے گڈ گورننس عوامی ایجنڈا پروگرام "احساس شجرکاری مہم” کے تحت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپر چترال ڈاکٹر فرمان ولی کی زیر نگرانی ڈی ایچ او آفس بونی میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف محکموں کے افسران اور عملے نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں محکمہ جنگلات کے بلاک آفیسر محمد امین، فاریسٹ گارڈز ندیم عباسی اور اظہر الدین، ڈی ایچ او آفس کے سپرنٹنڈنٹ بدرالاسلام، ڈی ایس وی سید الابرار، بی ایچ یو کوشٹ کے انچارج غلام اسحاق سمیت دیگر اہلکاروں اور عملے نے شرکت کی اور پودے لگا کر مہم میں حصہ لیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فرمان ولی نے شجرکاری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ درخت نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ انسانی ذہنی صحت کے لیے بھی انتہائی مفید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی ماحول میں وقت گزارنے سے ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے اور انسان کی مجموعی صحت بہتر ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر شجرکاری وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے، اور ہر فرد کو اس قومی مہم میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ آنے والی نسلوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
تقریب کے دوران مقررین نے اس امر پر بھی زور دیا کہ شجرکاری نہ صرف ایک سماجی ذمہ داری ہے بلکہ دین اسلام بھی ہمیں درخت لگانے کی ترغیب دیتا ہے۔ احادیث مبارکہ کے مطابق درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، جس سے انسان کو مسلسل اجر ملتا رہتا ہے۔
آخر میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے اور زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔