چترال میں پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 47 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

اشتہارات

چترال (چ،پ) لوئر چترال میں سابق وزیر اعظم اور بانی پاکستان پیپلز پارٹی، شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی لوئر چترال کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت پارٹی کے سینئر رہنما شاہ مراد بیگ نے کی۔

تقریب میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مقررین میں جنرل سیکرٹری قاضی محمد فیصل احمد سعید، انفارمیشن سیکرٹری نظار والی شاہ، شہزادہ خالد پرویز، جہانگیر جگر، تحصیل صدر عالم زیب ایڈوکیٹ، محمد افضل ایڈوکیٹ، نذیر استاد، قاضی وقار، فخر عالم، انیس الدین شاہنوی، ابواللث رامداسی، میر دولہ جان ایڈوکیٹ اور محب اللہ ایونی سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔

مقررین نے اپنے خطابات میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قومی، سیاسی اور جمہوری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم قومی رہنما تھے جنہوں نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا، ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور عوام میں سیاسی شعور اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید نے ہمیشہ جمہوریت، عوامی حقوق اور محروم طبقات کی فلاح کے لیے جدوجہد کی اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ میں ہمیشہ کے لیے امر ہوگئے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی بھٹو شہید کے نظریات پر کاربند ہے اور ملک میں جمہوریت، انصاف اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھٹو شہید کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے مشن کو ہر صورت آگے بڑھایا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے درجات کی بلندی، ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ پارٹی کارکنوں نے ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔