عوام پر پیٹرول بم گرانے کے بجائے وزراء، مشیروں اور سرکاری اخراجات میں کفایت شعاری اپنائی جائے/اسلم غوری

اسلام آباد(چ،پ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو “عوام پر پٹرول بم” قرار دیتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک اقدام کہا ہے۔ ترجمان کے مطابق حکمرانوں کی پالیسیوں نے عوام کی زندگی کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق ملک میں مہنگائی کی لہر اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ عوام کو شدید معاشی دباؤ کا سامنا ہے، جبکہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں کہیں زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے حکمرانوں سے اتنا خوف محسوس ہو رہا ہے جتنا بیرونی رہنماؤں نریندر مودی، ڈونلڈ ٹرمپ اور بینجمن نیتن یاہو سے بھی نہیں۔
جے یو آئی کے رہنما اسلم غوری نے اپنے بیان میں کہا کہ حکمران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے دباؤ میں آ کر عوامی مفادات کو نظر انداز کر رہے ہیں اور ملک کے شہریوں کو “بھوک اور پیاس سے مارنے” کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ناقص معاشی حکمت عملی نے عوام پر ایک طرح کی “معاشی جنگ” مسلط کر دی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزراء اور مشیروں کے اخراجات میں کمی کی جائے اور حکومتی سطح پر کفایت شعاری اختیار کر کے عوام پر پڑنے والا بوجھ کم کیا جائے۔
اسلم غوری کے مطابق حکومت اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے مسلسل عوام پر مالی دباؤ منتقل کر رہی ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
ترجمان جے یو آئی نے خبردار کیا کہ اگر مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا تو عوامی ردعمل میں شدت آ سکتی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے اور معاشی پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے۔