ایران پر امریکہ اور اسرائیلی حملوں کیخلاف جماعت اسلامی چترال احتجاجی مظاہرہ

چترال (بشیرحسین آزاد)ایران پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف جماعت اسلامی لوئر چترال کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی چترال وجیہ الدین نے کی۔
مظاہرے میں کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اسرائیل و امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے قائدین نے کہا کہ ایران پر حملہ دراصل "گریٹر اسرائیل” کے ناپاک منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ایک کڑی ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بعض عرب ممالک امریکہ اور اسرائیل کو اپنے اڈے، فضائی اور زمینی راستے فراہم کر کے اس دجالی منصوبے کی راہ ہموار کر رہے ہیں، جو کہ عالمِ اسلام کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
مظاہرین سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی وجیہ الدین نے کہا”ایران نے عالمی طاغوت کے سامنے سر نہ جھکا کر جرات اور ایمانی غیرت کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ اگرچہ مادی طاقت میں امریکہ کا کوئی مقابلہ نہیں، مگر مسلمان کا شیوہ مادی طاقت کے سامنے ڈٹ جانا ہے اور ایران نے یہی کر دکھایا ہے۔
مظاہرے کے اختتام پر ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہونے کے ناطے اپنے پڑوسی برادر ملک ایران کا ساتھ دے کر اپنا اسلامی اور اخلاقی فریضہ پورا کرے۔
ایران میں امریکہ کی خواہش کے مطابق "رجیم چینج” پاکستان کے مفاد میں ہرگز نہیں ہوگا، لہذا اس کا راستہ روکنا خود پاکستان کے اپنے حق میں بہتر ہے۔
قرارداد میں مسلم ممالک کی خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ وہ امریکی تعدی کے خلاف متحد ہو جائیں۔
مظاہرین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مظلوم مسلمانوں اور استعمار کے خلاف برسرِ پیکار قوتوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔