پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر معاشی بمباری کے مترادف ہے/مولانا عبدالغفور حیدری
قیمتوں میں اس اضافے سے مہنگائی کا ایک نہ تھمنے والا طوفان امڑ آئے گا، فیصلہ واپس لیا جائے

اسلام آباد(چ،پ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے پاکستانی عوام پر مہنگائی کا “ڈرون حملہ” کر دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غریب عوام پیٹرول کی اس شدید مہنگائی کو ہرگز برداشت نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ایسے ممالک جہاں جنگی حالات ہیں، وہاں بھی پیٹرول کی قیمتوں میں اتنا زیادہ اضافہ نہیں کیا گیا جتنا پاکستان میں کیا گیا ہے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکومت نے قبل از وقت پیٹرول کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر کے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے عوام کے لیے یہ فیصلہ مزید مشکلات کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کو عوامی مسائل اور مشکلات کا کوئی احساس نہیں۔ پیٹرول کی قیمتوں میں یہ بے تحاشا اضافہ ناقابلِ قبول ہے اور اس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس فیصلے پر فوری طور پر نظرِ ثانی کرے، کیونکہ قیمتوں میں اس قدر اچانک اضافہ تو حالتِ جنگ میں بھی نہیں کیا جاتا۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ حکومتوں کو چاہیے کہ کوئی بھی معاشی فیصلہ کرتے وقت ملک میں غربت، معاشی حالات اور پسماندگی کو مدنظر رکھیں اور عوام پر اتنا ہی بوجھ ڈالیں جو وہ برداشت کر سکیں۔