متاثرین ارندو کیلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عارضی کیمپ فعال، سینکڑوں متاثرین کی خدمت کا سلسلہ جاری

اشتہارات

چترال (چ،پ) ضلعی انتظامیہ لوئر چترال کی جانب سے ارندو کے متاثرین کیلئے دروش اور اکروئی میں قائم عارضی امدادی مراکز مکمل طور پر فعال ہیں جہاں متاثرہ خاندانوں کو رہائش، خوراک اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حالیہ پاک۔افغان سرحدی کشیدگی اور ارندو کے شہری علاقوں پر افغان فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں بڑی تعداد میں مقامی باشندے نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔ ان متاثرین کی مدد کیلئے ضلعی انتظامیہ نے دروش اور اکروئی میں دو عارضی کیمپ قائم کئے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر دروش بلال ناصر اور کی نگرانی میں قائم ان کیمپس میں ارندو سے آنے والے متاثرین کی رجسٹریشن کے بعد ان کیلئے رہائش، خوراک اور علاج معالجے کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر دروش کے مطابق آر پی ڈی سی کالج دروش میں قائم آئی ڈی پیز کیمپ میں اس وقت تقریباً 700 متاثرین مقیم ہیں جن میں بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

متاثرین کیلئے سحری اور افطاری کے ساتھ ساتھ بچوں کیلئے ناشتے اور دوپہر کے کھانے کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔ کیمپ میں طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک موبائل ہیلتھ یونٹ بھی تعینات کیا گیا ہے۔

اسی طرح اکروئی میں قائم کیمپ میں بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کو ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

موجودہ صورتحال کے باعث ارندو سے بڑی تعداد میں لوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر دروش منتقل ہو چکے ہیں۔

ان میں سے بعض متاثرین سرکاری آئی ڈی پیز کیمپوں میں مقیم ہیں جبکہ کئی خاندان دروش میں اپنے رشتہ داروں کے گھروں میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔