خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نظام کے تسلسل کیلئے متفقہ اور معقول لائحہ عمل بنایا جائے گا/وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی

اشتہارات

پشاور(چ،پ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سُہیل آفریدی سے بلدیاتی نمائندوں کے ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں بلدیاتی نمائندوں کی مدت ختم ہونے کے امور اور موجودہ نظام کے تسلسل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

وفد کی قیادت مئیر مردان حمایت اللہ مایار نے کی، جبکہ اجلاس میں وزیر بلدیات مینا خان آفریدی اور محکمہ بلدیات کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

وزیرِاعلیٰ سُہیل آفریدی نے اجلاس میں واضح کیا کہ بلدیاتی نظام کے تسلسل کے لیے متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جائے گا اور اسپیکر اسمبلی کو ہدایت دی جائے گی کہ حکومتی اور اپوزیشن اراکین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کا اجلاس اسی ہفتے طلب کیا جائے گا اور 15 مارچ سے قبل فیصلہ کیا جائے گا، جس میں نئے بلدیاتی انتخابات تک موجودہ نظام برقرار رکھنے کے طریقۂ کار پر غور کیا جائے گا۔

وزیرِاعلیٰ کی یقین دہانی کے بعد لوکل کونسل ایسوسی ایشن نے آج کی ہڑتال مؤخر کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی لوکل کونسل بورڈ کے نامزد اراکین کا مؤقف بھی سنے گی تاکہ تمام فریقین کی رائے شامل ہو اور شفاف فیصلہ کیا جا سکے۔

پولیس اور انتظامیہ کے مطابق یہ ملاقات بلدیاتی اداروں کے تسلسل اور عوامی خدمات میں خلل سے بچاؤ کے لیے ایک اہم اقدام ہے، اور اس سے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نظام کے استحکام اور عوامی خدمات کی فراہمی میں تسلسل یقینی بنانے کی توقع ہے۔