ارندو میں افغان فورسز کی فائرنگ؛ خواتین و بچوں سمیت 7 افراد زخمی

اشتہارات

دروش(چ،پ) سرحدی قصبہ ارندو میں اتوار کی دوپہر افغان فورسز کی جانب سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت سات افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال دروش منتقل کر دیا گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق افغان فورسز کی جانب سے بھاری ہتھیاروں اور توپ خانے کا استعمال کرتے ہوئے سویلین آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔

ایک بھاری توپ کا گولہ ارندو میں ایک رہائشی مکان پر آ گرا جس کے نتیجے میں گھر میں موجود خواتین اور بچوں سمیت چھ افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ایک الگ واقعے میں فائرنگ سے ایک اور شخص زخمی ہوا، یوں مجموعی طور پر زخمیوں کی تعداد سات ہو گئی۔

ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش منتقل کیا، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی گئی۔

عوامی و سماجی حلقوں نے سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اہلیان ارندو اور ضلع چترال کے مکینوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی جارحیت کے خلاف پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

مقامی لوگوں  نے چترال سکاؤٹس کی جانب سے دفاع وطن کا فریضہ پیشہ ورانہ انداز میں انجام دینے کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔