کرپشن مٹاؤ، چترال بچاؤ، جماعت اسلامی کے زیر اہتمام دروش میں زبردست احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا
چترال کے سرکاری اداروں میں کرپشن کا بازار گرم ہے، ملوث عناصر کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے، مطالبہ

دروش(چ،پ)کرپشن مٹاؤ چترال بچاؤ مہم کے سلسلے میں جماعت اسلامی ضلع چترال لوئر کے زیر اہتمام ایک زبردست احتجاجی جلسہ "ختم نبوت ؐ چوک ” دروش میں منعقد ہوا جس میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی ضلع چترال لوئر کی کال پر "کرپشن ” کے خلاف احتحاجی جلسہ کا انعقاد کیا گیا جس سے جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر حاجی مغفرت شاہ، ضلعی امیر وجیہہ الدین، سابق ضلعی امیر مولانا جمشید احمد، دروش ایکشن فورم کے صدر عمران الملک،جمعیت علماء اسلام دروش کے نائب امیر مولانا قاضی کفایت اللہ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا جبکہ جماعت اسلامی کے ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری امیر شریف خان نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دئے۔
مقررین نے چترال کے اندر مختلف محکموں میں مبینہ کرپشن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے نا قابل قبول قرار دیا۔
مقررین نے ڈیزاسٹر سے متاثرہ انفراسٹرکچر اسکیموں کی بحالی کی مد میں منظور شدہ فنڈز کے استعمال میں کرپشن کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس ضمن میں انکوائری کے عمل کو بھی حدف تنقید بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ایم اے، سی اینڈ ڈبلیو، ایری گیشن، پبلک ہیلتھ یعنی ہر محکمے کے زیر نگرانی فنڈز کےا ستعمال کی بابت عوام کو آگاہ کیا جائے کیونکہ ان فنڈز میں بڑے پیمانے پر ہیرا پھیری ہوئی ہے۔
مقررین نے کہا کہ گو کہ اس سلسلے میں انکوائری کی گئی ہے مگر کئی مہینے گزرنے کے باوجود رپورٹ جاری نہ کرنا معاملے کو مزید مشکوک بنا رہی ہے۔
انہوں نے پر زور الفاظ میں مطالبہ کیا ہے انکوائری رپورٹ کے اجراء میں تاخیر کی صورت میں شدید احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ٹی ایم اے دروش کیلئے مستقل بنیادوں پر ٹی ایم او کی تقرری کا مطالبہ کیا۔