یومِ امامت پر اسماعیلی برادری کی فلاحی سرگرمی، سنگور بلچ روڈ کے کھڈے بھر دیئے گئے

چترال(بشیر حسین آزاد) اسماعیلی برادری نے امامِ وقت حضرت شاہ رحیم الحسینی آغا خان کی تخت نشینی کا دن (یومِ امامت) روایتی جوش و خروش کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت منایا۔ 4 فروری کو اسماعیلی کمیونٹی کے رضاکاروں نے سنگور بلچ روڈ پر موجود خطرناک کھڈوں کی مرمت کر کے شہریوں کی مشکلات کا عملی حل پیش کیا، جسے عوامی سطح پر بھرپور پزیرائی مل رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، یومِ امامت کی مناسبت سے منعقدہ اس فلاحی سرگرمی میں اسماعیلی برادری کے نوجوانوں اور بزرگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سنگور بلچ روڈ، جو کہ طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی اور راہگیروں بالخصوص گاڑی چلانے والوں کے لیے وبالِ جان بنی ہوئی تھی، اس کی مرمت کے لیے رضاکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت کام کیا۔
کھڈوں کو بھرنے اور سڑک کو ہموار کرنے کے اس اقدام کا مقصد محض راستہ درست کرنا نہیں بلکہ معاشرے میں "خدمتِ خلق” کے کلچر کو فروغ دینا تھا۔
اس موقع پر موجود رضاکاروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت شاہ رحیم الحسینی آغا خان کی تعلیمات کا محور انسانیت کی خدمت، امن اور فلاحِ عامہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ "ہمارے لیے امامِ وقت کے یومِ امامت کا بہترین تحفہ یہی ہے کہ ہم اپنے ارد گرد بسنے والے لوگوں کے کام آئیں، خدمتِ خلق ہی وہ بنیاد ہے جس پر ایک پُرامن اور مستحکم معاشرہ کھڑا ہو سکتا ہے۔”
علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے اسماعیلی برادری کے اس جذبے کو دل کی گہرائیوں سے سراہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بلا کسی نمود و نمائش اور حکومتی فنڈز کا انتظار کیے بغیر، جس طرح اسماعیلی کمیونٹی نے سڑک کی مرمت کی، وہ آنے والی نسلوں اور دیگر سماجی تنظیموں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔