چترال پریس کلب کے نومنتخب کابینہ کی حلف برداری، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کی شرکت
چترال کی سیاحت اور سافٹ امیج کو فروغ دینے پر زور دیا جائے، عطاء تارڑ

اسلام آباد (بشیر حسین آزاد): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے مثبت اور سافٹ امیج کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا وقت آ چکا ہے، اور اس ضمن میں چترال جیسی جنت نظیر وادی اپنی قدرتی خوبصورتی، منفرد ثقافت، روایتی خوراک اور طرزِ زندگی کے باعث عالمی سیاحت کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ کے کمیٹی روم میں منعقدہ چترال پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے مرکزی صدر افضل بٹ نے بھی خصوصی شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کا بنیادی ہدف نوجوانوں پر سرمایہ کاری ہے، اسی لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی توجہ تعلیم کے فروغ پر مرکوز ہے۔ انہوں نے حال ہی میں چترال میں دانش سکول کے سنگِ بنیاد اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا اعلان اسی وژن کا تسلسل قرار دیا۔
عطاء تارڑ نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ چترال کی ترقی کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ لواری ٹنل جیسے تاریخی منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف علاقے میں مواصلاتی انقلاب آیا بلکہ سیاحت کے نئے امکانات بھی پیدا ہوئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ میاں محمد نواز شریف نے اپنے ادوار میں متعدد بار چترال کا دورہ کیا اور تباہ کن سیلاب کے بعد بحالی اور تعمیرِ نو کے کاموں کی ذاتی طور پر نگرانی کی۔
انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے چترال پریس کلب کی نئی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ صحافی برادری علاقے کے مسائل کو مثبت، ذمہ دارانہ اور تعمیری انداز میں اجاگر کرتی رہے گی۔
تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر اطلاعات نے چترال پریس کلب کی نومنتخب کابینہ سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں ظہیر الدین (صدر)، سیف الرحمن عزیز (سینئر نائب صدر)، میاں آصف علی شاہ (نائب صدر)، عبدالغفار (جنرل سیکرٹری)، نورا فضل (فنانس سیکرٹری) اور سید نذیر حسین شاہ (آفس سیکرٹری) شامل تھے۔