نایاب قومی پرندے کی جان بچانے پر ہونہار طالبعلم کی حوصلہ افزائی، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نے انعام اور تعریفی سند سے نوازا

اشتہارات

چترال(چ،پ) تحصیل دروش کے گورنمنٹ مڈل سکول شیشی کے ہونہار طالبعلم محمد سیف اللہ حسین نے انسان دوستی اور ماحولیاتی شعور کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے برف میں پھنسے نایاب قومی پرندے مونال فیزنٹ (مرغِ زرّین) کو بحفاظت ریسکیو کر کے محکمہ وائلڈ لائف چترال کے حوالے کر دیا۔

اس قابلِ تحسین اقدام پر محکمہ وائلڈ لائف چترال کی کاوشوں سے طالبعلم کو ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی جانب سے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے نویں جماعت کے طالبعلم محمد سیف اللہ حسین کی اس انسانی اور ماحولیاتی خدمت کو سراہتے ہوئے انہیں نوجوانوں کے لیے ایک مثالی کردار قرار دیا۔

مونال فیزنٹ کو ریسکیو کرنے پر طالبعلم کی حوصلہ افزائی کے لیے سیکرٹری کلائمٹ چینج، فاریسٹری، ماحولیات و وائلڈ لائف خیبر پختونخوا جنید خان کی جانب سے کیش ایوارڈ اور تعریفی اسناد دی گئیں، جو ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نے باقاعدہ طور پر طالبعلم کو پیش کیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور محکمہ وائلڈ لائف کے افسران بھی موجود تھے۔ بعد ازاں مونال فیزنٹ کو اس کے نجات دہندہ طالبعلم کے ہاتھوں چترال گول نیشنل پارک میں اس کے قدرتی مسکن میں آزاد کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم نے اس موقع پر کہا کہ ایسے باہمت، باکردار اور ذمہ دار نوجوان نہ صرف معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں بلکہ قدرتی حیات کے تحفظ اور مثبت سماجی اقدار کے فروغ میں بھی ایک روشن مثال قائم کرتے ہیں۔