اپر چترال میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیاں، سراج علی خان ایڈووکیٹ کا اینٹی کرپشن سے رجوع

اشتہارات

بونی (چ،پ) معروف قانون دان اور پیپلز لائرز فورم اپر چترال کے ضلعی صدر سراج علی ایڈوکیٹ نے اپر چترال میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ مالی بدعنوانیوں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کے حوالے محکمہ اینٹی کرپشن اپر چترال با ضابطہ درخواست دیتے ہوئے اس ضمن صاف شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا کو حاصل ہونے والے سراج علی خان ایڈووکیٹ کی درخواست کے مطابق مالی سال 2024–25 کے دوران اپر چترال میں مختلف ترقیاتی اسکیموں میں نہ صرف تخمینہ لاگت اور زمینی حقائق میں واضح فرق پایا گیا بلکہ بعض منصوبوں میں غیر معیاری تعمیراتی کام کے باوجود مکمل ادائیگیاں بھی کی گئیں، جو سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے۔

درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ بعض اسکیموں میں تکنیکی منظوریوں، مانیٹرنگ اور عمل درآمد کے مراحل کو نظر انداز کیا گیا، جس سے سرکاری وسائل کے ممکنہ ضیاع کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

سراج علی خان ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں کا فوری آڈٹ اور ذمہ دار افسران و کنٹریکٹرز کے خلاف قانونی کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے۔

سراج علی ایڈوکیٹ نے محکمہ اینٹی کرپشن سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام فنڈ کی شفاف انکوائری کرکے خرد برد میں ملوث افراد کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔