دروش ایکشن فورم کے زیر اہتمام اجلاس، بحالی اسکیموں کے حوالے سے انکوائری رپورٹ میں تاخیر پر تشویش کا اظہار

شفاف انکوائری رپورٹ جاری نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا راستہ اپنانے کا عندیہ

اشتہارات

دروش(چ،پ)دروش ایکشن فورم کے زیر اہتمام گذشتہ روز ایک آل پارٹیز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران کے علاوہ منتخب بلدیاتی نمائندگان اور سول سوسائٹی کے کارکنان نے شرکت کی۔ اس اجلاس کے بعد تفصیلات بتاتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے تحصیل امیر مولانا انعام الحق اور دروش ایکشن فورم کے صدر عمران الملک نے انکوائری رپورٹ جاری کرنے میں تاخیر کو افسوسناک قرار دیا۔

اجلاس میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی طرف سے سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر اسکیموں کی بحالی کے سلسلے میں مبینہ کرپشن کے حوالے سے انکوائری رپورٹ جاری نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

شرکاء اجلاس نے ایک مرتبہ پھر زور دیکر کہا کہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے زیر نگرانی انفراسٹرکچر کی بحالی کے کاموں کی حالت سب کے سامنے ہے، کام مکمل نہیں ہوا ، منظور شدہ فنڈ اور اصل گراونڈ پر ہوئے کام میں بہت بڑا فرق ہے ، اسے دبانے کی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

شرکائے اجلاس نے کہا کہ ایک مہینے سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے ، انکوائری مکمل ہونے کے باوجود رپورٹ جاری نہیں کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے مختلف سوالات کا جنم لینا یقینی امر ہے۔

شرکائے اجلاس نے پر زور الفاظ میں مطالبہ کیا کہ بحالی کے اسکیموں میں ہونے والے کرپشن کے حوالے سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے اور عوام الناس بڑی بے صبری کے ساتھ انکوائری رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں مگر نا معلوم وجوہات کی بناء پر انکوائری رپورٹ کو لیت و لعل کا شکار کرکے اصل حقیقت کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ انکوائری رپورٹ جاری نہ ہونے کی صورت میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔

اس سے قبل دروش ایکشن فورم کے ایک وفد نے اسسٹنٹ کمشنر درو ش سے ملاقات کرکے اس سلسلے میں اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر دروش نے وفد کو یقین دلایا کہ یہ رپورٹ ایک ہفتے میں جاری کی جائے گی۔