سید آباد فٹبال اسٹیڈئم کی تعمیر ادھورا چھوڑنے کا نوٹس لیا جائے، تاخیر افسوسناک ہے/حسین احمد صدر ڈی ایف اے چترال

چترال (چ،پ)ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن لوئر چترال کے صدر حسین احمد نے سید آباد فٹبال گراؤنڈ کی تعمیر مکمل کرنے میں غیر معمولی تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال سے خصوصی توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا کو جاری کئے گئے ایک بیان میں حسین احمد نے کہا کہ چترال کا واحد فٹبال اسٹیڈئم جو کہ ڈی ایف اے کی کوششوں سے سید آباد کے مقام پر منظور ہو کر تعمیر ہوا، ایک دہائی گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہو پایا ہے جسکی وجہ سے چترال کے نوجوانوں کو شدید مایوسی کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ متعدد مرتبہ ڈی ایف اے لوئر چترال نے اس اسٹیڈئم کی تعمیر مکمل کرنے کی جانب حکام کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی مگر اس جانب کوئی توجہ دینے والا نہیں۔
اس اسٹیڈئم کا مکمل نہ ہونے سے کھیلوں کی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے میں مشکلات درپیش ہیں مگر افسوس کہ اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔
ڈی ایف اے لوئرچترال اور فٹبال سے متعلقہ حلقے بار بار اس جانب توجہ مبذول کرا تے رہے ہیں مگر متعلقہ ادارے اس حوالے سے بے اعتناعی برت کر عملاً چترال میں کھیلوں کے فروغ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
کھیلوں کی ترقی اور کھلاڑیوں کے لئے مواقع فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے لہذا سید آباد اسٹیڈئم کو بر وقت مکمل کرنے کی جانب خصوصی توجہ دیجائے نیز اس بات کی بھی انکوائری کی جائے کہ کیونکہ ایک اہم منصوبہ اتنے عرصے سے نامکمل ہے، اس کے ذمہ داروں کے کیخلاف کاروائی کی جائے۔