چترال میں بین المذہبی کانفرنس منعقد کیا جائے گا، وفاقی وزیر شرکت کرینگے/عبدالولی خان عابد

اسلام آباد(چ،پ)وفاقی وزیر برائے بین المذہبی ہم آہنگی کھلداس کوہستانی نے رواں سال رمضان المبارک کے فوراً بعد چترال میں بین المذہبی ہم آہنگی کانفرنس کے انعقاد میں شرکت اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے۔
یہ اعلان انہوں نے اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) چترال کے وفد سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حالات میں بین المذہبی اور بین المسالک ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے اور اس مقصد کے لیے چترال جیسے پُرامن اور روادار خطے میں کانفرنس کا انعقاد نہایت مثبت اور حوصلہ افزا اقدام ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی کانفرنسیں معاشرے میں برداشت، باہمی احترام اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور حکومت اس حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
مسلم لیگ (ن) چترال کے وفد کی قیادت عبدالولی خان ایڈووکیٹ نے کی۔ وفد نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مجوزہ کانفرنس سے نہ صرف چترال بلکہ ملک بھر میں بین المسالک اور بین المذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا اور امن و رواداری کا ایک مضبوط اور مثبت پیغام جائے گا۔