لوئر چترال پولیس کی سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری

چترال (چترال پوسٹ)لوئر چترال پولیس نے سال 2025 کے دوران منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر اور مجرمانِ اشتہاریوں کے خلاف مؤثر اور بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق ضلع بھر میں قانون کی عملداری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مربوط حکمتِ عملی کے تحت کارروائیاں کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے 83.637 کلوگرام چرس، 582 لیٹر شراب، 2.609 کلوگرام افیون، 0.486 کلوگرام ہیروئن اور 2.846 کلوگرام آئس برآمد کر کے قبضے میں لے لی۔
اسی طرح غیر قانونی اسلحے کے خلاف کارروائیوں میں 4 عدد ایس ایم جی، 3 رائفلیں، 13 پستول، 9 شاٹ گنز اور 164 راؤنڈز برآمد کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق منشیات فروشی اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف مجموعی طور پر 1321 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ قانون سے مفرور 25 مجرمانِ اشتہاریوں کو بھی گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ان کامیاب کارروائیوں کا مقصد ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔
لوئر چترال پولیس نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آئندہ بھی جرائم کے خلاف بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔