پچھلے 13 سالوں سے صوبے پر حکومت کرنے والوں نے خیبرپختونخوا کو مسائل کے سوا کچھ نہیں دیا، گورنر فیصل کریم کنڈی کا دروش میں خطاب
صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی

چترال(چ،پ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گزشتہ 13سالوں سے صوبے میں حکومت کرنے والوں کی قلعی عوام کے سامنے مکمل طور پرکھل گئی ہے جوکہ یہاں کرپش، لوٹ مار، بد انتظامی، اقرباء پروری اور نفرت و بیزاری کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا اوریہی عوامی مینڈیٹ کی سب سے بڑی بے احترامی ہے جبکہ صوبے میں امن امان کے قیام کی راہ میں بھی یہی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں جن کے پاس کوئی واضح پالیسی موجود نہیں۔
منگل کے روز دروش کے مقام پر پاکستان پیپلز پارٹی کی ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ علی امین گنڈاپور کی حکومت کی صورت میں اس صوبے پر عذاب نازل ہوئی تھی جس کے دور میں سرکاری دفاتر میں کھلم کھلا رشوت کے نرخ مقرر ہوئے تھے اور بدعنوانی اپنی انتہا کو چھورہی تھی۔
انہوں نے کہاکہ اس صوبے کو امن کی سب سے زیادہ ضرورت ہے جبکہ دوسرے صوبے ترقیاتی کاموں کے بارے میں سوچ رہے ہیں جہاں امن قائم ہے اور یہ افسوس کی بات ہے کہ اس صوبے کی حکمران ابھی تک امن کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہیں، دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے بارے میں روا دار نہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے سیکورٹی فورسزاور پولیس کے جوان روزانہ کی بنیاد پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور کیڈٹ کالج وانا میں دہشت گردوں کا حالیہ حملہ اگر خدانخواستہ کامیاب ہوتا تو اے پی سی ٹو (APS-II)کا سانحہ رونما ہوتا۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہاکہ ہم اس علاقے میں امن چاہتے ہیں جوکہ ہماری ترقی کے لئے ناگزیر ہے کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہم سنٹر ل ایشیاء ممالک کے ساتھ منسلک ہوں اور تجارت کو ترقی دے دیں اور اسی راستے تک یورپ تک کاسفر کرسکیں اور افغان حکومت انڈیا اور اسرائیل کی شہ پر امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہے۔
انہوں نے واضح کیاکہ پاکستان اپنی تحفظ میں کوئی بھی قدم اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور مطلوبہ قوت بھی اسے حاصل ہے جس نے مئی کے مہینے میں بھارت کو شکست فاش سے دوچار کردیا، اس کے سامنے افغانستان کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
اس سے قبل پی پی پی خیبر پختونخوا کے صدر سید محمد علی شاہ باچا،نجم الدین خان،انجینئرہمایون خان اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
سابق تحصیل چیئرمین شہزادہ خالد پرویز اور سابق ایم پی اے حاجی غلام محمد سینکڑوں حامیوں سمیت اس موقع پر دوبارہ پی پی پی میں شمولیت اختیار کی۔