ارندو کے مسائل کے حوالے سے دروش میں آل پارٹیز اجلاس، علاقے کے مسائل جلد از جلد حل کرنے کا مطالبہ

اشتہارات

دروش(چ،پ) تحصیل دروش کے سرحدی علاقے ارندو کے عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے مشاورت اور ایک لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے دروش میں آل پارٹیز اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف پارٹیوں کے راہنماؤں کے علاوہ ارندو و دروش کے سیاسی و سماجی عمائدین نے شرکت کی۔

اس موقع پر تحصیل ارندو کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے سابق ناظم شیر محمد اور حاجی سلطان محمد نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ارندو کے عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر ویلج کونسل چیئرمین عبدالمجید نے ارندو کے نوجوانوں کی طرف سے گذشتہ روز منظور کردہ قرارداد پڑھ کر سنایا ۔

آل پارٹیز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ارندو کا علاقہ انتہائی اہمیت کا ہونے کے باوجود اس وقت عدم توجہی کا شکار ہے، انہوں نے ارندو کے عوام کے جملہ مطالبات کو بالکل جائز اور بر حق قرار دیتے ہوئے انکے ساتھ مکمل اتفاق کا اعلان کیا۔

مقررین نے کہا کہ ارندو خاص میں پانی ، روزگار،بجلی،ہسپتال ،سکول،موبائل نیٹ ورک اور سڑکوں کی حالت ابتر ہے, یہ تمام جائز مطالبات ہیں۔

اسکے علاوہ ارندو کے مختلف وادیوں میں بھی سہولیات کا فقدان ہے، اگر کم از کم ارندو خاص میں سہولیات میں بہتری لائی جائے تو اس سے دیگر علاقوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

آل پارٹیز اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولانا عبدالشکور، جماعت اسلامی چترال کے امیر وجیہ الدیں، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی راہنما حاجی سلطان، رضیت باللہ، جنرل سیکرٹری جمعیتِ علماء اسلام چترال مولانا قاضی محمد الیاس، قاری جمال عبد الناصر سابق نائب امیر جے یو آئی چترال، جماعت اسلامی دروش کے محمد خان، پی پی پی کے شہزادہ سکندر حیات چیئرمین ویلج کونسل کیسو، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر قاضی اسرار الدین، دروش ایکشن فورم کے صدر عمران الملک، چئیرمین ویلج کونسل ارندو عبدالمجید، سابق ناظم ارندو شیر محمد، مسلم لیگ نون کے وقار احمد چیئرمین ویلج کونسل شاہنگار کلدام، گجر راہنما حاجی انذر گل، رحمت اللہ یوتھ کونسلر ارندو، ناظم عبدالرحیم گجر، ظاہرخان، مولانا محمد احتشام الحق ودیگر عمائدین دروش نے شرکت کی۔