سول جج چترال کی نگرانی میں چترال پولیس نے بھاری مقدار میں منشیات نذرِ آتش کردیں

اشتہارات

چترال(چ،پ) لوئر چترال پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں شراب، آئس، ہیروئن، افیون اور چرس کو نذرِ آتش کردیا۔

یہ کارروائی سینئر سول جج (ایڈمن) فرمان علی اور آئی او سٹی تھانہ چترال ایس آئی ابرار احمد کی موجودگی میں عمل میں لائی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مختلف مقدمات میں برآمد شدہ منشیات کو کھلی جگہ پر آگ لگا کر تلف کیا گیا، جن میں 49,102 گرام چرس، 1,069 گرام آئس، 831 گرام ہیروئن، 283 گرام افیون اور 276.5 لیٹر شراب شامل تھیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کی تلفی کا یہ عمل لوئر چترال کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم کی عملی مثال ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس ترجمان کے مطابق اس مہم کو مزید تیز کیا جائے گا اور منشیات کے مکمل خاتمے تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔