ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی زیر صدارت اجلاس؛ کھیلوں کی ترقی کیلئے 50 نئے گراؤنڈز کی تعمیر پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت

چترال (چ،پ) لوئر چترال میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے 50 نئے کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر کا منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھیل معاشرتی ترقی، نوجوانوں کی صلاحیتوں کے نکھار اور مثبت طرزِ زندگی کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے بقول، ان میدانوں کی تعمیر سے نہ صرف نوجوانوں کو کھیلوں کی جدید سہولتیں دستیاب ہوں گی بلکہ ان کی جسمانی و ذہنی صحت بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبہ مقامی سطح پر پوشیدہ ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور نوجوانوں کو کھیل کے قومی اور بین الاقوامی مواقع تک رسائی دلانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور اب تک کی پیش رفت پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔
راؤ ہاشم عظیم نے افسران کو منصوبے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ کھیل کے یہ نئے میدان جلد از جلد نوجوانوں کے لیے دستیاب ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ "یہ میدان نہ صرف صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ میں مدد دیں گے بلکہ نوجوانوں کو معاشرے کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کا موقع بھی فراہم کریں گے۔”