ڈپٹی کمشنر راو ہاشم عظیم اور کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل بلال جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈنیشن کمیٹی کا خصوصی اجلاس

چترال(چ،پ)ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم اور کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل بلال جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈنیشن کمیٹی (DCC) کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس لوئر چترال میں منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، انتظامی افسران اور تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کے آفس سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق اس اجلاس کا بنیادی مقصد ضلع لوئر چترال میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لینا ،امن ومان کی مجموعی صورتحال اور دیگر اہم انتظامی امور و مسائل پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
ڈپٹی کمشنر کو انتظامی امور، درپیش اہم مسائل، جاری ترقیاتی سکیمز، امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ایک جامع تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں کی پیشرفت اور ان میں حائل ممکنہ رکاوٹوں کو نمایاں کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام شرکاء پر زور دیا کہ وہ ضلع کی ترقی، امن و امان کو برقرار رکھنے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی مربوط کاوشیں جاری رکھیں۔
ڈپٹی کمشنر نے افسران کو خصوصی تاکید کی کہ ضلع لوئر چترال کو ایک مثالی ضلع بنانے کے لیے تمام اداروں کے درمیان بہترین کوآرڈنیشن قائم رکھنا ناگزیر ہے۔
اجلاس میں مختلف شعبوں میں درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے مستقبل کی حکمت عملی پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔