چترال لیویز ایک باوقار اور ابھرتی ہوئی فورس ہے/ کمانڈنٹ لیویز کا دربار سے خطاب

چترال(چترال پوسٹ) گورنر کاٹیج چترال میں لوئر چترال لیویز کا ایک خصوصی دربار منعقد ہوا، جس میں کمانڈنٹ چترال لیویز و ڈپٹی کمشنر لوئر چترال ہاشم عظیم نے جوانوں سے خطاب کیا اور ان کے مسائل سنے۔
کمانڈنٹ ہاشم عظیم نے کہا کہ لیویز فورس نہ صرف ضلعی امن و امان میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے بلکہ یہ ایک باوقار، منظم اور تربیت یافتہ فورس کے طور پر ابھر رہی ہے، جو عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیویز اہلکار ضلعی انتظامیہ کا قیمتی سرمایہ ہیں، اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے لیویز شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
دربار کے دوران جوانوں نے اپنی تجاویز اور مسائل—بشمول تبادلے، سہولیات اور دیگر انتظامی امور—کھل کر بیان کیے۔ کمانڈنٹ نے تمام نکات بغور سنے اور یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
کمانڈنٹ نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی ایمانداری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے سے ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے عوام کی خدمت کے لیے قائم کیے جاتے ہیں، اور ہر لیویز اہلکار کو چاہیے کہ وہ خوش اخلاقی، حسنِ سلوک اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کا مظاہرہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیویز فورس کو لائن ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ قریبی تعاون میں کام کرنا چاہیے تاکہ ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی مزید مؤثر ہو۔
کمانڈنٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ لوئر چترال لیویز مستقبل میں دیگر اضلاع کے لیے ایک مثالی فورس کے طور پر پہچانی جائے گی۔
خصوصی طور پر اس دربار کی ایک نمایاں بات یہ تھی کہ کمانڈنٹ ہاشم عظیم نے چترال لیویز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ باقاعدہ لیویز یونیفارم زیب تن کیا، جس پر کرنل رینک کے بیجز لگے ہوئے تھے —جو کہ فورس کے کمانڈنٹ کو ظاہر کرتا ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بھی لیفٹیننٹ کرنل رینک والے یونیفارم میں موجود تھے۔
کمانڈنٹ اور ڈپٹی کمانڈنٹ کا لیویز یونیفارم میں ملبوس ہونا نہ صرف روایت سے ہٹ کر ایک منفرد اقدام تھا بلکہ جوانوں کے لیے حوصلہ افزائی اور فخر کا باعث بھی بنا۔