سعودی عر ب میں مقیم چترالیوں کی تنظیم OCC کے زیر اہتمام بڑے اسپورٹس ایونٹ کا انعقاد کیا گیا

دیار غیر میں منعقد ہونے والے اس بڑے ایونٹ میں چترالی باشندوں کے علاوہ دیگر پاکستانیوں نے بھی شرکت کی

اشتہارات

چترال(چ،پ) دیار غیر میں مقیم چترالیوں کی تنظیم "اوورسیز چترال کمیونٹی” نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سعودی عرب میں چترالی کمیونٹی کے لئے”اوسی سی فٹبال لیگ سیزن 2″ کے نام سے ایک بڑے سپورٹس ایونٹ کا انعقاد کیا جس میں کثیر تعداد میں چترالی باشندوں کے علاوہ دیگر پاکستانیوں نے بھی شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق اوورسیز چترال کمیونٹی کے زیر اہتمام اس بڑے ایونٹ میں شائقین کی دلچسپی اور خواہش کے پیش نظر فٹبال کے علاوہ والی بال اور کیرم بورڈ کے مقابلے بھی منعقد ہوئے جن میں شائقین نے جوش وخروش سے حصہ لیا۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والے اس سپورٹس ایونٹ فائنل میچ اورسیز چترال کمیونٹی اور ABV ROCK کے مابین کھیلا گیا ، فائنل میچ ایک ایک گول سے برابر رہنے کے بعد فیصلہ پنلٹی ککس پر کیا گیا جس میں اے بی وی راک نے کامیابی حاصل کی۔

فائنل میچ کے مہمان خصوصی انجینئر محمد ریاض تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اپنی طرف سے دونوں ٹیموں کے لئے 500/500 ریال نقد انعام کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس شاندار ایونٹ کے انعقاد پر او سی سی کے ذمہ داران کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس سلسلے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے او سی سی کے چیئرمین حیدر نواز نے کہا کہ ہماری تنظیم چترالی کمیونٹی کی خدمت کے لئے سرگرم ہے، یہ ایونٹ سعودی عرب میں مقیم چترالیوں کے لئے مل بیٹھنے کا ایک اہم ذریعہ ہے ، ہمارا مقصد بھی چترالی کمیونٹی کو چند دنوں کے لئے ایک جگہ پر جمع کرنا اور خوشیاں بانٹنا ہے۔

یاد رہے کہ عیدا لفطر کے موقع پر اس ایونٹ کے سیزن 1 کا انعقاد کیا گیا تھا ، سیزن ٹو میں چترالی کمیونٹی نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ فائنل میچ دیکھنے کے لئے تقریباً تین ہزار تماشائی اسٹیڈئم میں موجود تھے۔

اورسیز چترال کمیونٹی یعنی او سی سی نامی تنظیم دیار غیر میں مقیم چترالی باشندوں کی نمائندہ تنظیم ہے جو کہ فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔