افواج پاکستان نے بے گناہ پاکستانیوں کی شہادت کا بدلہ دلیرانہ انداز میں لے لیا/فیلڈ مارشل عاصم منیر

اشتہارات

پشاور (چ،پ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عید کے روز لائن آف کنڑول کے اگلے مورچوں پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے بے گناہ ہموطنوں کی شہادت کا دلیرانہ انداز میں بدلہ لے لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ عید منائی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، کشمیریوں کی بہادرانہ جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں کے ہمراہ عید کی نماز ادا کی اور ملک و قوم کی سلامتی کی دعا کی۔

اس موقع پر شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور مادرِ وطن کے دفاع کا عزم دہرا دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جوانوں کے حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور کہا کہ قوم کے بچوں، خواتین اور بزرگوں کے قتل کا دلیری سے بدلہ لیا گیا۔

فیلڈ مارشل نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں مثالی کارکردگی پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور بھارتی سیزفائر خلاف ورزیوں کا موٴثر جواب دینے پر جوانوں کی تیاری کو سراہا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، کشمیریوں کی بہادرانہ جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔