بلوچستان سے سابق آئی جی پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات، جمعیت میں شمولیت کا اعلان

اسلام آباد(چ،پ) بلوچستان سے سابق آئی جی پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمان نے سربراہ جےیوآئی مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں خصوصی ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے اہم شخصیت اور سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن نے اسلام آباد میں قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن سے خصوصی ملاقات کی اور جمعیت میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ملاقات کے دوران جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری،امیر جےیوآئی بلوچستان مولانا عبدالواسع، صوبائی سیکرٹری جنرل آغا سید محمود شاہ ، مرکزی مالیات مولانا صلاح الدین ایوبی، ایم پی اے اصغر ترین،حاجی نعمت ادوزئی بھی موجود تھے۔
سابق آئی جی ڈاکٹر مجیب الرحمن نے ملکی سیاست جمعیت علمائے اسلام کے کردار اور قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے دوٹوک، واضح اور مدبرانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان میں حقیقی سیاسی اور نظریاتی جماعت صر ف اور صرف جمعیت ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت کے جھنڈے تلے عوامی خدمت کرنا ایک اعزاز اور سعادت ہے۔
ڈاکٹر مجیب الرحمن نے کہا کہ جےیوآئی میں شامل ہوکر جےیوآئی بلوچستان کی قیادت کے ساتھ ملکر بلوچستان کی عوام کی ہر ممکن خدمت کریں گے۔
مولانا فضل الرحمن نے سابق آئی جی ڈاکٹر مجیب الرحمن کو جمعیت علمائے اسلام میں خوش آمدید کہا۔