تیمرگرہ میں سیکورٹی فورسز کی کاروائی، اہم خوارجی کمانڈر ساتھی سمیت ہلاک
ہلاک شدہ خارجی کمانڈر کئی مقدمات میں مطلوب تھا، سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر تھی

پشاور( چ،پ)کالعدم دہشت گرد تنظیم ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں جہنم واصل ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ضلع لوئر دیر کے صدر مقام تیمرگرہ میں ایک انٹیلیجنس بیسڈ کاروائی کے دوران فتنہ
الخوارج کے اہم کمانڈر اور حفیظ اللہ عرف کوچوان کو انکے ایک ساتھی سمیت مار دیا۔
ہلاک ہونے والا خوارجی کمانڈر دہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث ہونے کی بنا پر سیکورٹی اداروں کو مطلوب تھے۔ سرکار کی طرف سے اسکے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج نے چند مہینے پہلے مختلف اضلاع کے لئے اپنے جن خود ساختہ عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا ان میں کوچوان کا نام بحیثیت گورنر لوئر دیر شامل تھا۔
سیکورٹی اداروں کی کامیاب کاروائی میں کوچوان کی ہلاکت سے فتنہ الخوارج کو بڑا دھچکہ پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ سیکورٹی فورسز کی مختلف علاقوں میں کامیاب کاروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے کم از کم چار اضلاع کے خود ساختہ گورنر اور دیگر اہم کمانڈر ہلاک ہو چکے ہیں۔