انسانی حقوق کا عالمی دن؛ تکل ویلفیئر آرگنائزیشن کی طرف سے دروش میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا

اشتہارات

دروش(چ،پ) انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے غیرسرکاری ادارے "تکل ویلفئیر آرگنائزیشن ” نے دروش میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں ونگ کمانڈر چترال سکاوٹس 146 ونگ کرنل وقاص احمد مہمان خصوصی تھے جبکہ دیگر مہمانوں میں معروف سماجی و مذہبی شخصیت قاری جمال عبدالناصر، ایس ڈی پی او دروش اقبال کریم، ایس ڈی ایف او عمیر نواز، ٹی ایم او کریم اللہ، اے ڈی ای او تاج الدین کے علاوہ علاقہ کے وی سی چیئرمین ، وی سی سیکرٹریز اور مختلف دیہی تنظیمات سے تعلق رکھنے والے خواتین اور حضرات نے شرکت کی۔ اس موقع پر انسانی حقو ق کے ، انکی اہمیت، پاکستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے قوانین، عالمی قوانین اور کنونشز کے حوالے سے بات کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاری جمال عبدالناصر نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں انسانی حقوق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ در اصل اسلام ہی نے انسانی حقوق کی بات کی ہے اور اس بارے میں واضح احکامات دئے ہیں، حالانکہ اسلام سے قبل انسانی حقوق کا کوئی تصور تھا ہی نہیں۔ انہوں نے بالخصوص خطبہ حجۃ الوداع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطبہ انسانی حقوق کا چارٹر ہے جسے 1500 سال پہلے پیش کیا گیا ہے، بعد میں آنے والے قوانین بھی اسی کی روشنی میں بنائے جاتے رہے ہیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی لیفٹیننٹ کرنل وقاص احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے اس تقریب میں شرکت کرکے انہیں خوشی ہوئی ہے، انہوں نے انسانی حقوق کے حوالے سے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہمیں اس بات پر توجہ مرکوز کرنا چاہیے کہ اسلام نے حقوق العباد کے بارے میں کیا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورتوں کے حقوق کا ضامن بھی اسلام ہی ہے، اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور سب کے حقوق واضح ہیں۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ جہاں حقوق کی بات ہو وہاں پر فرائض اور ذمہ داریوں پر بھی توجہ دینی کی ضرورت ہے۔ اپنی ذمہ داریوں سے رو گردانی ہی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے خود سے شروعات کرنا چاہیے ۔
سیمینار سے ٹیم ایم او کریم اللہ، ایس ڈی ایف او عمیر نواز ، UNHCR کے کمال عبدالجمیل اور وی سی چئیرمین عمران الملک نے خطاب کیا۔
سیمینار میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔