تجار یونین چترال کےنومنتخب صدر نوراحمد خان چارویلو اور انکی کابینہ کو برطرف، حالیہ الیکشن کو کالعدم قرار دیا گیا ہے/عبوری صدر تجاریونین

یونین کے آئین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہونے پر نور احمد خان چارویلو کے خلاف کاروائی کیا گیا، عبوری کابینہ

اشتہارات

چترال(بشیرحسین آزاد)تجاریونین چترال کے عبوری صدر شیخ فضل واحدنےتجاریونین چترال کے حال ہی میں منعقد ہونے والے انتخابات میں منتخب ہونے والے صدر اور ان کی کابینہ کو یونین کی آئین کی خلاف ورزی پر کالعدم قرار دیتے ہوئے تمام تاجر برادری اور متعلقہ سرکاری اور غیر سرکاری اداروں پر واضح کردیا ہے کہ نورا حمد خان چارویلو اور ان کا کابینہ کے کسی رکن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ منگل کے روزچترال پریس کلب میں عبوری کابینہ کے ارکان اور ایگزیکٹوممبران امجد حسین، سیف الاحمد سیفی، محمد ہارون، میرصوات ،طاہر زمان آہل اور سابق صدر تجاریونین حبیب حسین مغل کی معیت میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تجاریونین چترال باضابطہ طور پر ایک متفقہ اور منظور شدہ دستور العمل کے مطابق کام کرنے والی تنظیم ہے جس کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں ہے لیکن نوراحمد خان چارویلو نےانتخابات کے فوراً بعد ہی اس کی دھجیان بکھیرنے کی کوشش کی جوکہ تاجر برادری کے لئے ناقابل برداشت فعل ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس دستور کے مطابق تقریب حلف وفاداری میں نئی کابینہ کے حلف اٹھانے تک عبوری کابینہ اس یونین کا مجاز اور ذمہ دار فورم ہے لیکن نو منتخب صدر نے دستور کو پس پشت ڈال کر غیر منظم انداز میں تقریب حلف وفاداری منعقد کی اور ریاست کی کسی ذمہ دار کی بجائے ایک دکاندار کے سامنے حلف اٹھایا۔ شیخ فضل واحد نے مزید کہاکہ الیکشن میں کاغذات نامزدگی داخل کرتے وقت تمام امیدواراں نےایک بیان حلفی کے ذریعے اس بات کا عہد کیا تھاکہ وہ عبوری کابینہ کے تمام فیصلوں کے پابند رہیں گے جس میں تقریب حلف وفاداری تک کے تمام مراحل کا ذکر موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ تاجر برادری کی اتحادواتفاق کو برقرار کھنے کے لئے ان انتخابات کو کالعدم قراردیا جا تا ہے جبکہ از سر نو انتخابات کا فیصلہ عنقریب کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ تجار برادری سے مشاورت کے بعد تجار برادری کے مفاد میں یہ اقدام اٹھایا گیا۔