چترال میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، دھرنا اور روڈ بلاک

چترال میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا

اشتہارات

چترال (چ،پ) بجلی کی بےتحاشا لوڈ شیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی کی کال پر تمام سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی تنظیموں نے نماز جمعہ کے بعد اتالیق پل پر سڑک بلاک کر کے دھرنا دے دیا ہے جوکہ لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے کا اعلان ہونے تک جاری رہے گا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی لویر چترال کے امیر وجیہہ الدین، مسلم لیگ (ن) کے عبدالولی خان عابد ایڈوکیٹ، نظار ولی شاہ (پی پی پی)، حاجی عید الحسین (اے این پی)، شاہد احمد (پی ٹی آئی)، مولانا عبدالسمیع آزاد (جے یو آئی)، صدر تجار یونین چارویلو نورا حمد خان، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ساجد اللہ ایڈوکیٹ کے علاوہ سابق ایم این اے شہزادہ افتخار الدین، سابق ڈسٹرکٹ ناظم مغفرت شاہ، مولانا جمشید احمد، خان حیات اللہ خان، قاری نظام الدین، قاضی نسیم، شجاع الحق اور دوسروں نے خطاب کرکے اس بات پر شدید افسوس کا اظہارکیاکہ چترال میں بجلی کی دستیابی کے باوجود یہاں لوڈ شیڈنگ کرنا عوام کے ساتھ صریح زیادتی ہے جسے ہرگزبرداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ چترال میں کوئی ادارہ یا انفرادی شخصیات بجلی کے بلوں کی ڈیفالٹر ہیں تو ان کی سزا اہالیان چترال کو نہیں دی جانی چاہئے جبکہ چترال کے عوام بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ پر ایک پلیٹ فارم پر اور ایک پیج پر جمع ہیں اور ہر قسم کی سیاسی تعصبات سے بالاترہیں۔ دھرنے کی وجہ سے چترال گول اور دونوں طرف موٹر گاڑیوں کی ٹریفک معطل ہوکر رہ گئی ہے اور ایمرجنسی کی صورت میں ژوغور دنین روڈ کو متباد ل کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔
دریں اثناء چترال شہر کے نواحی گاؤں چمرکن کے مقام پر بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف روڈ بلاک جاری ہے جس سے پشاور سے آنے اور جانے والی سینکڑوں گاڑیوں میں مسافرپھنس کررہ گئے ہیں۔ رات گئے مظاہرین منتشر ہوگئے اور اگلے دن دوبارہ دھرنا دینے کا اعلان کیا۔