چترال بونی روڈ کی ناگفتہ بہ حالت، عمائدین کوہ کا ڈپٹی کمشنر سے ملاقات، عوامی مشکلات سے آگاہ کردیا

ڈپٹی کمشنر کی طرف سے عوامی مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی

اشتہارات


چترال(چ،پ)علاقہ کوہ کے ایک نمائندہ وفد نے بدھ کے روز ڈپٹی کمشنر چترال محسن اقبال سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں چترال بونی روڈ کی مخدوش حالت کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد میں مسلم لیگ ن کے صدر عبدالولی خان ایڈوکیٹ، جمعیت علمائے اسلام کے امیر و سابق ایم پی اے مولانا عبدالرحمن، پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عبدالغفار سمیت علاقہ کے بلدیاتی نمائندگا ن اور عمائدین شامل تھے۔
اس موقع پروفد کے اراکین نے ڈپٹی کمشنر کے سامنے این ایچ اے اور عمر جان کمپنی کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سے ترکول شدہ روڈ کو اکھاڑ کر کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا جبکہ دوبارہ تعمیر کا کام انتہائی سست روی کا شکار ہے اور نہیں لگتا کہ یہ پراجیکٹ اگلے تین چار سالوں میں بھی مکمل ہو۔ انہوں نے کہا کہ عمر جان کمپنی اتنی دیدہ دلیری کے ساتھ عوام کے ساتھ مزاق کررہی ہے جسے دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ کمپنی حکومت سے بھی بڑی چیز ہے۔ وفد کے ارکین نےچترال بونی روڈ کی کشادگی کے حوالے سے بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر محسن اقبال نے وفد کو یقین دلایا کہ انہوں نے چترال بونی روڈ کا دورہ کیا ہے اور حالات کا بخوبی علم ہے اور اسی بنیاد پر این ایچ اے کے حکام کا اجلاس بلایا گیا ہے جس میں یہ تمام معاملات زیر غور آئینگے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ این ایچ اے کے ساتھ میٹنگ کے بعد آپکو یقینا بہتری نظر آئے گی۔

#chitralpost