چترال میں سیلاب کی تباہ کاریاں، متعدد مقامات پر سیلاب کی وجہ سے مکانات اور املاک کو شدید نقصان

سیلاب کی وجہ سے مواصلاتی نظام درہم برہم، بجلی کی سپلائی منقطع

اشتہارات

چترال(چ،پ) منگل کے روز چترال کے مختلف علاقوں میں سیلاب آنے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی۔ تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں کے بعد چترال اپر اور لوئر چترال میں متعدد مقامات پر تباہ کن سیلاب آئے جس کی وجہ سے شدید نقصانات ہوگئے۔
چترال لوئیر اور اپر میں سیلاب میں متعدد گھر سیلاب میں بہہ گئے ، کھڑی فصلوں اور آبپاشی اور آبنوشی کی اسکیموں سمیت دیگر انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اپر اور لوئر چترال کے دونوں اضلاع کی مختلف علاقوں سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق گولین گاؤں میں سولہ گھرانے، موری بالا میں چھ، بریپ، خروزگ، ڈیزگ میں مجموعی طو ر پر پچیس گھرانے، ریشن میں چار گھرانے سیلابی ریلوں سے متاثر ہوگئے ہیں۔ موری بالا میں ایک مسجد شہید ہونے اور ایک پرائمری سکول کے سیلاب برد ہو گئے۔
سیلابی ریلوں سے اپر اور لوئر چترال کے درجنوں دیہات میں سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصل اور باغات بھی تباہ ہو گئے۔ چترال بونی روڈ کاری، راغ، کوغوزی، مروئے، اور برنس کے مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی سے بند ہے جبکہ مستوج یارخون روڈ بریپ سے آگے ہر قسم کی موٹر گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند اور گرم چشمہ روڈ دروشپ کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہے جہاں موردان گول میں سیلاب نے پل بہا لے گیاہے۔ گولین گول میں اونچے درجے کی سیلابی ریلے کی وجہ سے 108میگاواٹ کی بجلی گھر کو بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے چترال شہر اور مضافات میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی ہے۔
منگل کے روز چترال شہرمیں کاروبار زندگی معطل ہوکر رہ گئی اور سڑکوں کی بندش کی وجہ سے سرکاری دفاتر اور کاروباری مراکز ویرانے کا منظر پیش کرنے لگے۔

#chitralpost