پاک آرمی نے چترال گلگت روڈ میں شاہی داس کے مقام پر اسٹیل پل نصب کردیا

پل کی تنصیب سے علاقے کے عوام کیساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی سہولت میسر ہوگی

اشتہارات

چترال (چ،پ)پاک آرمی نے چترال گلگت روڈ پر اسٹیل پل نصب کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان آرمی انجینیئرزکور کی ٹیم نے لاسپور اپر چترال میں شاہی داس کے مقام پر نالہ کے اوپر اسٹیل پل کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا۔ یہ پل چترال (خیبر پختونخوا) کو شندور ٹاپ کے راستے گلگت بلتستان سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر نصب کیا گیا ہے۔ شاہی داس کے مقام پر نالے میں طغیانی کی وجہ سے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ چترال شندور کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
شاہی داس کے مقام پر پل کی تعمیر سے ان علاقوں کی مقامی ابادی کو جہاں امد و رفت کے لیے آسانی میسر ہوئی ہے وہیں ان خوبصورت ترین علاقوں میں سیاحت کافروغ مزید بہتر ہوگا ۔
واضح رہے کہ ماضی میں اس جگہ پر شندور میلہ کے موقع پر بھی پاک آرمی عارضی طور پر پل قائم کرتی تھی جب کہ یہ پل مستقل قائم رکھا جائے گا ۔
شاہی داس پل کے قیام سے مقامی آبادی نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

#Chitralpost