سیاحت کی ترقی کے لئے چترال میں ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کا فیصلہ

ہیلی سفاری کیلئے چار مختلف پیکجز تیار کئے گئے ہیں، اس سال جشن شندور کے موقع پر ہیلی سفاری شروع کی جائے گی

اشتہارات

پشاور(چ،پ) خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے سیاحت کی ترقی کے لئے چترال میں ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سال جشن شندورکے موقع پر سیاح ہیلی سفاری سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سیاحت کی ترقی کی غرض سے خیبر پختونخوا کے محکمہ سیاحت نے چترال میں ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس ضمن میں ایک نجی کمپنی پیٹرونیٹ ایوی ایشن کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت نے نجی کمپنی کے ساتھ مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کر دیئے ہیں۔
اس سال جشن شندور کے موقع پر ہیلی سروس چلائی جائے گی۔ چترال میں ہیلی سفاری کے لئے چار مختلف پیکجز متعارف کیے گئے ہیں ۔
پیکیج 1 میں چترال ائیرپورٹ، وادی کیلاش اور لواری ٹنل اور پیکیج 2 میں چترال ائیرپورٹ اور تریچ میر چوٹی کی سیر کروائی جائے گی جبکہ پیکیج 3 میں چترال ائیرپورٹ، تریچ میر اور قاقلشت میڈوز اور پیکیج 4 میں چترال ائیرپورٹ تا شندور پولو فیسٹیول کا ٹوور شامل ہے۔
سیاح بکنگ کیلئے 03335455566 یا ای میل ChiefPilot@PetronetAviation.com اور ops@petronetaviation.com پر بکنگ کروا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ رواں سال چترال میں شندور پولو فیسٹیول کا آغاز 28 جون کو ہو رہا ہے۔

#Chitralpost