آغاخان رورل سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام چترال میں ریجنل کولیشن ایمپلائز کنونشن کا انعقاد کیا گیا

نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار اور بر سر روزگار بنانے کے لئے مواقع پیدا کرنے چاہیے

اشتہارات

چترال(چ،پ) آغاخان رورل سپورٹ پروگرام (AKRSP) کے زیر اہتمام چترال میں ریجنل کولیشن ایمپلائز کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں چترال کےاندر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ایمپلائرز، نوجوان ٹرینیز، سول سوسائٹی تنظیمات کے نمائندگان نے شرکت کی۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے AKRSP کے ریجنل پروگرام منیجر، سجاد حسین نےشرکاء کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ AKRSP کی طرف سے چترال کے باصلاحیت نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور ان کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ AKRSP چترال کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے ضروری وسائل فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے
پروگرام منیجر ورک اینڈ انٹرپرائز، فوزیہ قاضی نے اپنے پریزنٹیشن میں AKRSP کے Work and Enterprises پروگرام کا تعارف کرایا۔ اس پروگرام کا مقصد گلگت بلتستان اور چترال کے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کر کے انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جاتا ہے، جس سے وہ بہتر روزگار حاصل کر سکتے ہیں اور اپنی معاشی حالت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
پروگرام منیجر سول سوسائٹی، مس منیرہ شاہین نے صنفی مساوات اور لیڈرشپ میں سول سوسائٹی ایکٹرز کے کردار پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی خوشحالی اور سماج کی ترقی کے لیے ان کی شرکت ضروری ہے۔ انہوں نے AKRSP کی طرف سے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔
منیجر ورک اینڈ انٹرپرائز، حمید الاعظم نے کنونشن کے اہداف اور مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اس کنونشن کا مقصد چترال کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع سے آگاہ کرنا اور انہیں اپنے کیریئر کے انتخاب میں مدد کرنا ہے۔ انہوں نے AKRSP کے مختلف ٹریننگ پروگرامز اور ان کے فوائد کے بارے میں بھی شرکاء کو معلومات فراہم کیں۔
کنونشن سےخطاب کرتے ہوئے چترال ٹریول بیورو کے چیف ایگزیکٹیو، سید ہریر شاہ نے چترال میں سیاحت کے شعبے میں موجود مواقع پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سیاحت کے فروغ کے لیے عملی طور پر میدان میں آکر اپنے لیے روزگار حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ چترال کے نوجوانوں کے لیے بہترین روزگار کے مواقع فراہم کر سکتا ہے۔
صحت کے شعبے سے سمیع الدین اور آئی ٹی سیکٹر سے ذوہیب علی شاہ نے بھی اپنے تجربات اور مواقع کا تفصیل سے ذکر کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو ان شعبوں میں کیریئر بنانے کی ترغیب دی۔
کنونشن کے دوران ٹرینیز نے اپنی کامیابیوں کی کہانیاں سنائیں اور اپنے تجربات بیان کیے۔ انہوں نے AKRSP کے پروگرامز سے انہیں کس طرح فائدہ ہوا ہے اس کی تفصیل بھی بتائی۔
اس موقع پر مختلف تجاویز اور سفارشات بھی پیش کی گئیں۔ شرکاء نے AKRSP سے درخواست کی کہ وہ چترال میں نوجوانوں کے لیے مزید روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کام کرے۔

#chitralpost