تحصیل چئیرمین دروش انتخابات، تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سید فرید جان کامیاب ہو گئے

سید فرید جان کو 11300 ووٹ ملے، شوکت الملک 8535ووٹ حاصل کر سکے،

اشتہارات

دروش(چ،پ) تحصیل چئیرمین دروش کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے راہنما ، سینئر قانون دان سید فرید جان بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز شدید بارش کے دوران تحصیل چئیرمین کے لئے پولنگ ہوئی۔ الیکشن میں ووٹرز ٹرن آوٹ بہت کم رہی۔ الیکشن میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ا ٓزاد امیدوار سید فرید جان اور مسلم لیگ کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شوکت الملک کے مابین زبردست مقابلہ ہوا ۔ سید فرید جان کو تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی حمایت حاصل تھی جبکہ شوکت الملک کو مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور اے این پی کی حمایت حاصل تھی۔
الیکشن پر امن ماحول میں منعقد ہوئے ۔ تحصیل دروش کے کل 66419ووٹروں کے لئے 58 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے۔ تحصیل چئیرمین کے الیکشن میں صرف 20970 ووٹ پول ہوئے جس میں 13669مرد ووٹ اور خواتین کے 7301ووٹ شامل ہیں، 242 ووٹ مسترد کر دیئے گئے۔ الیکشن کا ٹرن آوٹ 31.57فیصد رہا۔
پاکستان تحریک انصاف کے حمایتی امیدوار سید فرید جان کو 11300 ووٹ ملے جبکہ انکے مد مقامل شوکت الملک 8535حاصل کر سکے۔آزاد امیدوار صلاح الدین کو 561 ووٹ اور آزاد امیدوار عزیز احمد کو 332 ووٹ ملے۔

#ChitralPost