تحصیل چیئرمین دروش کا انتخابی دنگل کل 28 اپریل کو ہوگا

مسلم لیگ ن کے شوکت الملک اور تحریک انصاف کے سید فرید جان میں ون ٹو ون مقابلہ

اشتہارات

دروش(چ،پ) تحصیل چئیرمین دروش کے انتخاب کے لئے ضمنی الیکشن کل 28 اپریل کو منعقد ہونگے، اس ضمن میں الیکشن کمیشن کی طرف سے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل چیئرمین دروش کے لئے کل الیکشن منعقد ہورہے ہیں جس میں مجموعی طور پر 4 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں جن میں چار جماعتی اتحاد جو کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور عوامی نیشنل پارٹی پر مشتمل ہے، کی طرف سے مسلم لیگ ن کے شوکت الملک ، جماعت اسلامی کے حمایت یافتہ تحریک انصاف کے سید فرید جان ایڈوکیٹ کے علاوہ دو آزاد امیدوار محمد عزیز اور صلاح الدین شامل ہیں۔ تاہم اصل مقابلہ شوکت الملک اور سید فرید جان کے مابین ہے۔ الیکشن کے سلسلے میں تحصیل دروش میں مجموعی طور پر 56پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ اس حلقے میں کل ووٹروں کی تعداد 63864ہے جن میں 35685مرد ووٹرز اور 28179 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
سال 2022میں ہونے والے تحصیل چیئرمین کے انتخابات میں اس حلقے میں 36394ووٹ پول ہوئے تھے جنمیں 20724 مرد ووٹرز اور 15670 خواتین ووٹرز شامل تھے، مجموعی طور پر 2766 ووٹ مسترد قراردیئے گئے تھے۔ سال 2022 کے الیکشن میں ووٹنگ کا تناسب تقریباً 57 فیصد تھا۔
سال 2022میں ہونے والے تحصیل چیئرمین کے الیکشن میں 7امیدواروں نے قسمت آزمایا تھاجن میں شہزادہ خالد پرویز نے 8548 ووٹ حاصل کرکے اپنے قریبی مدمقابل تحریک انصاف کے حاجی سلطان محمد سے صرف 110 ووٹوں سے جیت گئے تھے، حاجی سلطان محمد کو 8438 ووٹ ملے تھے۔

#ChitralPost