سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی بلا مقابلہ چئیرمین سینٹ منتخب ہو گئے

مسلم لیگ کے سردار سیدال خان وائس چیئرمین منتخب، دونوں نے عہدوں کا حلف اٹھا لیے

اشتہارات

 اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی بلامقابلہ چیئرمین سینیٹ اور مسلم لیگ ن کے سردار سیدال خان ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوگئے، انکے مقابلے میں کسی نے کاغذات نامزدگی جمع ہی نہیں کرائے۔

پریزائیڈنگ آفیسر اسحاق ڈار نے یوسف رضا گیلانی اورسردار سیدال خان کی کامیابی کا اعلان کر دیا جس کے بعد پی ٹی آئی ارکین  نے چیئرمین سینیٹ ڈائس کا گھیراؤ کر لیا۔یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ کا حلف اٹھانے کے بعد نشست سنبھال لی۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سیدال خان ناصر سے بطور ڈپٹی چیئرمین حلف لے لیا۔

سینیٹ سیکریٹریٹ نے آزاد سینیٹرز کو حکومت اور اپوزیشن بینچوں میں بیٹھے سے متعلق مراسلہ تیار کرلیا ہے۔ اراکین کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے لیے بھی نام مانگے گئے ہیں۔

نو منتخب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے تمام سینیٹرز کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی لیڈر شپ اور اتحادی جماعتوں کا مشکور ہوں، میں تمام ممبران کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کی کروں گا، سینیٹ فیڈریشن کی علامت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔

قبل ازیں، نومنتخب اراکین سینیٹ کی حلف برداری کے لیے سینیٹ کے اجلاس میں اسحاق ڈار نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ارکان نے حلف لیا۔

پی ٹی آئی کے ارکان نے اجلاس شروع ہونے پر احتجاج کیا اور چوری کا سینیٹ الیکشن نامنظور کے نعرے لگائے۔ پی ٹی آئی کے علی ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کے پی کے سینیٹر نہیں آجاتے اس اجلاس کو ملتوی کیا جائے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ اور سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات جمہوری عمل کا تسلسل ہیں۔

#chitralpost