تحصیل چئیرمین دروش انتخابات، شہزادہ شوکت الملک اور سید فرید جان میں ون ٹو ون مقابلہ ہوگا

آل پارٹیز نے تحریک انصاف کے خلاف مشترکہ امیدوار میدان میں اتار دیا

اشتہارات

دروش۔۔۔ تحصیل چیئرمین دروش کی نشست کے لئے اسی مہینے منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں شہزادہ شوکت الملک اور سینئر قانون دان سید فرید حسین جان کے مابین ون ٹو ون مقابلہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کا مقابلہ کرنے کے لئے دروش کی سطح پر آل پارٹیز نے مشترکہ امیدوار میدان میں لانے کا فیصلہ کیا اور قرعہ فال پاکستان مسلم لیگ کے ضلعی نائب صدر شہزادہ شوکت الملک کے نام نکل آیا جبکہ تحریک انصاف کی طرف سے سینئر قانون دان سید فرید حسین جان کو ٹکٹ جاری کردیا گیا ہے۔شہزادہ شوکت الملک کو پاکستان مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام، پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کی حمایت حاصل ہے جبکہ جماعت اسلامی نے تحصیل چیئرمین کے الیکشن میں تحریک انصاف کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گوکہ اس وقت ایک آزاد امیدوار صلاح الدین بھی الیکشن کے لئے میدان میں موجود ہیں تاہم اصل دو بدو مقابلہ شہزادہ شوکت الملک اور سید فرید جان ایڈوکیٹ کے درمیان ہوگا۔
واضح رہے کہ تحصیل چیئرمین کے لئے ضمنی الیکشن 28 اپریل کو ہونگے ۔
تحصیل چیئرمین کی نشست پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے شہزادہ خالد پرویز کے استعفی کی وجہ سے خالی ہوئی تھی جنہوں نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لئے تحصیل چیئرمین کی نشست سے استعفیٰ دیا تھا۔

#chitralpost