سرکاری کرایہ نامہ سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹر زکے خلاف چترال پولیس کی کاروائی

کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دینگے، عوام تعاون کریں

اشتہارات

چترال(چ،پ)سرکاری کرایہ نامے سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف چترال پولیس کی کاروائی، گاڑیوں کا چالان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال اکرام اللہ خان کے خصوصی احکامات پر ٹریفک وارڈن پولیس اور تھانہ عشریت کے اسٹاف نے پولیس چیک پوسٹ عشریت پر ناکہ بندی کرکے پشاور سمیت دیگر اضلاع سے چترال روٹ پر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹروں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی، ٹرانسپورٹرز کو موقع پر ٹریفک چالان کیا گیا اور اضافی رقم مسافروں کو واپس کردیا گیا۔
چترال پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اس سلسلے میں ڈی پی او لوئر چترال کے سخت احکامات ہیں کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا اور سرکاری کرایہ نامے سے زائد کرایوں کی وصولی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ زائد کرایہ وصولی کے حوالے سے پولیس کو آگاہ کیا جائے تاکہ قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔