چترال سکاؤٹس کے زیر اہتمام سیکورٹی کانفرنس،عمائدین کو صورتحال پر بریفنگ دی گئی

چترال کی سرحدات پر پاک آرمی، چترال سکاوٹس اور دیگر اداروں کے جوان الرٹ ہیں

اشتہارات

چترال(چ،پ)چترال سکاؤٹس کی طرف سے سیکورٹی صورتحال پر چترال کے سیاسی، مذہبی اور سول سوسائٹی کے راہنماؤں کو بریفنگ دینے کے لئے کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل سمیع زمان، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد علی اور ڈی پی او لوئر چترال اکرام اللہ نے شرکت کی اور صورتحال پر بریفنگ دی۔کانفرنس میں اسسٹنٹ کمشنرز،فوجی افسران،لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران،علماء کرام، منتخب عوامی نمائندے اور مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنما شریک تھے۔ کرنل سمیع زمان نے کہا کہ 6ستمبر کو نورستان سے چترال کی سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں کے حملوں کو چترال سکاؤٹس کے جوانوں نے کامیابی کے ساتھ ناکام بنایا اور اپنی جانوں کی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کے مذموم مقاصد خاک میں ملائے گئے۔ افسران نے چترال کے موجودہ سیکورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ افسران نے اپنے خطاب میں کہا کہ چترال میں حالات معمول کے مطابق ہیں، علاقے کا امن و امان برقرار ہے۔ تعلیمی ادارے،ہسپتال،کاروباری مراکز کھلے ہیں۔پاکستان آرمی،چترال سکاوٹس،چترال لیویز اور چترال پولیس کے چاق و چوبند دستے سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں۔ چترال کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی کانفرنس کے شرکاء نے افغانستان کے اندر سے چترال کے سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں کے حملوں کی مذمت کی اور اس دوران دلیرانہ مقابلہ کرنے چترال سکاؤٹس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ شرکاء نے کہا کہ چترال سکاؤٹس کے جوانوں کی شہادت ہم سب کے لئے اعزاز ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر عوامی نمائندوں نے کہا چترال کے غیور عوام اپنے علاقے کی حفاظت کے لئے کسی بھی قسم کے قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔اور اپنے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ چترال کے امن و امان کو برقرار رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرینگے۔