محکمہ ایری گیشن اپر چترا ل میں ایکسیئن اور ایس ڈی او تعینات کئے جائیں / محمد پرویز لال

محکمے میں ذمہ دار اور با اختیار آفیسر کی عدم موجودگی کی وجہ سے سیلاب سے متاثرہ ضلع میں بحالی کا کام متاثر ہے

اشتہارات

اپرچترال(ذاکرمحمدزخمی)اپر چترال کے نوجوان سیاسی و سماجی شخصیات محمد پرویز لال اور سابق یو سی ناظم سلامت خان نے اپنے ایک بیان کے ذریعے محکمہ ایریگیشن کے بالائی افسروں اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال سے مطالبہ کیا ہے کہ اپر چترال ضلع بننے کے بعد تقریبا ً تمام محکموں کے ضلعی دفاتر قائم ہو کر افسران بھی تعینات کئے گئے جو کہ اس نوزائیدہ ضلع میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، لیکن محکمہ ایری گیشن جیسے اہم محکمے کا کوئی ذمہ دار آفیسر اپر چترال میں موجود نہیں جس کی وجہ سے علاقے کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایری گیشن کا کام خاص کر سیلاب کے بعد تمام واٹر چینلز کی بحالی کے ساتھ ساتھ پروٹیکشن وال کابندوبست اور ایکسیویشن کے ذریعے قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور انہیں محفوظ بنانے کے علاوہ گاؤں کی سطح پر چھوٹے بڑے آبپاشی کے نہروں کو بحال کرنا اور نہیں مزید بہتر بنانا شامل ہے، لیکن ضلع اپر چترال میں اس محکمے کا کوئی ذمہ دار اور با اختیار آفیسر نہ ہونے کی وجہ سے یہ کام نہیں ہو پا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اپر چترا ل میں محکمہ ایری گیشن کا ضلعی سربراہ یعنی ایگزیکٹیو انجینئر (ایکیسن) کی تعینانی عمل میں لائی جائے اور اسکے ساتھ ایس ڈی او کی بھی تعیناتی کی جائے تاکہ عوامی مسائل کے حل کے لئے یہ ادارہ بہتر انداز میں کام کر سکے۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ محکمہ ایریگیشن میں ذمہ دار با اختیار آفیسر کی تعیناتی نہ ہونے کی صورت میں تحریک تحفظ حقوق عوام اپر چترال مجبوراً احتجاج کا راستہ اپنائے گی۔