دروش میں دو افراد کا قتل، عوام کا شدید رد عمل،چترال کی تاریخ میں پہلی بار لاشیں رکھ کر احتجاج کیا گیا

گجر برادری سے تعلق رکھنے والے ملزم نور عالم پر دعویداری اور مقدمہ درج کر لیا گیا

اشتہارات

دروش(چ،پ)بدھ کی صبح دروش کے نواحی علاقے کلدام گول کے چراگاہ میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں دو افراد قتل ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز شاہنگار دروش کے رہائشی اشرف گل ولد گل نیاب اور احسان الدین ولد محراب الدین جنگل سے لکڑیاں لانے گئے تھے جہاں پر نامعلوم افراد نے ان پر آتشین اسلحے اور بعد ازاں کلہاڑی سے وار کرکے قتل کردیا۔ مقتولین کے ورثاء نے کلدام کے جنگل میں واقع بانڈہ میں مقیم گجر برادری کے شخص نور عالم پر دعویداری کی ہے جس پر پولیس نے ملزم کے خلاف پرچہ درج کر لیا ہے۔ وقوعہ نامزد ملزم کے بانڈہ کے قریب ہوا ہے جبکہ اطلاعات کے مطابق اس واقعے کے بعد ملزم نور عالم اپنے خاندان کے افراد کو لیکر روپوش ہے جسے مقامی پولیس تلاش کر رہی ہے۔
دریں اثناء مقتولین کی لاشیں دروش پہنچائے جانے کے بعد مقامی لوگوں نے سخت ردعمل کا مظاہر ہ کیااور دونوں لاشیں دروش چوک میں رکھ کر زبردست احتجاج کیا گیا۔ اور قاتل کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں حکام کیساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔۔ احتجاجی مظاہرین قاتل کے ساتھ ساتھ گوجر برادری کے رہنما حاجی انذر گل کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کررہے تھے۔ کلدام گول کے جنگل پر دروش کے مقامی لوگوں اور گوجر برادری کے مابین گزشتہ کئی سالوں سے تنازعہ چلی آرہا تھا۔ درین اثنا مظاہرین نے کہا ہے کہ مذکورہ گجر نے عوامی چراگاہ پر قبضہ جما رکھا ہے اس لئے سوگ کے دن گزر جانے کے بعد عوامی چراگاہ پر سے مذکورہ شخص کا قبضہ چھڑانے کیلئے قدم اٹھایا جائے گا۔