دروش میں سیلاب،کئی مکانات اور دیگر املا ک کو نقصان پہنچا

انفراسٹرکچر بھی متاثر، تیز بارشوں کی وجہ سے دیگر نالوں میں بھی سیلاب آیا

اشتہارات

دروش(چ،پ)اتوار اور پیر کے درمیانی شب دروش میں موسلادھار بارش کے بعد دروش گول نالے میں اونچے درجے کا سیلاب آیا، سیلابی ریلا بپھر کر آس پاس کے رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا جس کی وجہ متعدد رہائشی مکانات اور دکانوں کو نقصان پہنچا۔سب سے زیادہ نقصا ن دادخندوری میں ہو ا جہاں پر سیلاب کا بڑا ریلا متعدد رہائشی مکانات کے اندر داخل ہوا جسکی وجہ گھروں اور دیگر سامان کو نقصا ن پہنچا۔ علاقے کے لوگ پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے تھے۔ سیلابی ریلے کی وجہ دادخندوری میں واقع سڑک ملبے سے بھر چکا ہے۔ نیوبازا ر میں دروش گول پل کے قریب متعدد دکانوں میں سیلابی ریلا داخل ہو گیا جس سے دکانوں کو نقصان پہنچا۔ دروش گول کا سیلابی ریلا ”حرا سکول اینڈ کالج“ کی عمارت کے علاوہ دروش پبلک سکول میں بھی داخل ہو گیا۔
سیلاب کی وجہ سے مختلف مقامات پر کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دروش کے علاوہ گذشتہ رات کلدام گول میں بھی سیلاب آیا۔ سیلابی صورتحال کی وجہ سے چترال پشاور روڈ بند رہی۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش محمد علی کی سربراہی میں چترال لیویز، چترال سکاوٹس، پولیس، ریسکیو 1122اور مقامی رضاکاروں نے اس موقع پر امداد سرگرمیوں میں حصہ لیا اور سیلاب سے متاثرہ گھروں سے سامان منتقل کرنے میں مصرو ف رہے۔

وضاحت؛ اس خبر کے سلسلے میں دروش میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل جمع کرکے خبر کا حصہ بنایا جائے گا۔