میراگرام اور پرواک کے درمیان پل منہدم، چیئر لفٹ کا بندوبست کیا جائے

پل منہدم ہونے سے علاقے کے لوگوں بالخصوص طلباء کو شدید مسکلات کا سامنا ہے

اشتہارات

چترال(بشیرحسین آزاد)چندہفتے قبل طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے گاوں میراگرام نمبر 1 اور پرواک کے تمام انفراسٹرکچر جن میں تمام پل، آبپاشی اسکیم اور واٹر سپلائی اسکیم بری طرح متاثر ہوئے اور جن کی بحالی ابھی تک نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ھے۔خاص کر میراگرام اور پرواک کے درمیان پل ٹوٹنے کی وجہ سے رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔چونکہ پرواک میں سرکاری سکولوں کے علاوہ وہاں اے کے ای ایس کا بھی ایک سکول ہے جہان میراگرام سے بچوں کی ایک کثیر تعداد زیر تعلیم ہیں جن میں بچیاں بھی شامل ہیں،پل ٹوٹنے کی وجہ سے ان بچوں کا تعلیم بری طرح متاثر ہوا ہے اور ان کو تعلیم کے میدان میں ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے کیونکہ ان کے غریب والدین روزانہ 400 روپے کرایہ دے کر گاڑی کا بندوبست نہیں کر سکتے ہیں اور مجبورابچوں کو سکول سے اٹھانے کی نوبت آگئی ہے۔ عوام میراگرام اور پرواک نے حکومت این جی اوز اور مخیر حضرات سے پرزور اپیل کی ہے کہ معاملے کی سنگینی کو مد نظر رکھ کر میراگرام اور پرواک کے درمیان دریا یارخون پر لفٹ کا بندوبست ہنگامی بنیادوں پر کرکے طلباء کی مستقل کو لاحق خطرات سے بچایا جائے جو بہت کم لاگت پر ممکن ہے۔