چترال شندور چترال کی فتح کے ساتھ اختتام پذیر، رنگارنگ میلے میں ہزاروں کی تعداد میں تماشائیوں کی شرکت

کورکمانڈر پشاور جنرل اظہر سلیم مہمان خصوصی تھے، چترال کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب

اشتہارات

چترال(چ،پ)دنیا کی بلند ترین قدرتی پولو گراؤنڈ شندور میں عالمی شہرت یافتہ ”شندور میلہ“ اتوار کے دن اختتام پذیر ہوا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی طور پر مشہور سہ روزہ شندور میلہ 2023گلگت اور چترال(خیبر پختونخوا) کے سنگم پر واقع دنیا کے بلند ترین قدرتی پولو گراؤنڈ میں اختتام پذیر ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں سیاحوں نے شرکت کی جن میں بڑی تعداد غیر ملکی سیاحوں کی تھی۔ اتوار کے روز سہ روزہ میلے کے آخری روز فری اسٹائل پولو کا فائنل مقابلہ روایتی حریف ”چترال اے“ اور ”گلگت اے“ کے مابین کھیلا گیا جس میں انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد چترال اے کی ٹیم نے گلگت اے ٹیم کو 5کے مقابلے میں 7گولوں سے ہرا کر اپنی برتری برقرار رکھا۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل اظہر سلیم حیا ت اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ دیگر مہمانوں میں کمشنر ملاکنڈ ڈویشن شاہداللہ خان، ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن ناصر ستی اور دیگر فوجی و سول افسران شامل تھے۔ مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر لیفٹیننٹ جنرل اظہر سلیم حیات نے منتظمین کو سراہا۔